ایمبیسیڈر(ریٹائرڈ) تجمل الطاف مرحوم کو خارجہ امور اور آئی پی ایس کے دوستوں کا خراج عقیدت


اسلام آباد(صباح نیوز)مرحوم ایمبیسیڈر(ر)تجمل الطاف، جو حال ہی میں مختصر علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے، کی یاد میں آئی پی ایس میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں دفتر خارجہ اور انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز(آئی پی ایس) کے متعدد ساتھیوں نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اس تعزیتی اجتماع کی صدارت چیئرمین آئی پی ایس خالد رحمن نے کی جبکہ اس میں شریک افراد میں مرحوم کے اہل خانہ، دوستوں، ساتھیوں اور ہم عصر سفارت کاروں نے شرکت کی جن میں سابق سیکرٹری خارجہ ایمبیسیڈر(ر)شمشاد احمد خان، آئی پی ایس کے نائب چیئرمین ایمبیسیڈر (ر) سیدابرار حسین، ایمبیسیڈر(ر) ایاز وزیر، ایمبیسیڈر (ر) اشتیاق حسین اندرابی، ایمبیسیڈر(ر) خالد محمود، ایمبیسیڈر(ر) نائلہ چوہان، سابق وفاقی سیکرٹری مرزا حامد حسن، بریگیڈیئر(ر) طغرل یامین،

آئی پی ایس کے جی ایم آپریشنز نوفل شاہ رخ اورمرحوم کے بیٹے صبور الطاف شامل تھے۔ تعزیتی اجلاس میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری سہیل محمود کی نمائندگی ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ شکیل اصغر نے کی جنھوں نے ایمبیسیڈر(ر) تجمل الطاف کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا۔

آئی پی ایس کے سینئر ریسرچ فیلو کی حیثیت سے ایمبیسیڈر (ر) تجمل الطاف کے ساتھ گزرے ہوئے وقت کو یاد کرتے ہوئے چیئرمین آئی پی ایس نے کام کے لیے ان کے عزم اور نئے خیالات کے اظہار میں کھلے پن کو سراہا۔

انہوں نے خاص طور پر انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے پراجیکٹ انڈرسٹینڈنگ افریقہ میں ان کی خدمات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے آئی پی ایس کی طرف سے شائع ہونے والے بریفس اس کی سیریز میں بھی ان کی خدمات کی تعریف کی جس میں سابق سفارت کار اور خارجہ پالیسی کے تجزیہ کار نے 2018 کے بعدموجودہ حکومت کی طرف سے پاکستان کے خارجہ امور میں کی جانے والی کارکردگی اور پیش رفت کا جائزہ لیا ہے۔

دیگر مقررین نے بھی مرحوم سفارت کارکے ساتھ اپنی وابستگی اور ہمدردی کا بھرپور اظہار کیا اور انہیں پاکستان کے خارجہ امور کا ماہر اور محب وطن نمائندہ قرار دیا جن کی سفارتی اور علمی خدمات کو ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ شرکا نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔