کراچی(صباح نیوز)بحریہ ٹاؤن کراچی کے ایک نمائندہ وفد نے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی، پبلک ایڈ کمیٹی کے صدراورسٹی کونسل میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ سے ملاقات کی۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے وفد کو یقین دلایا کہ پہلے بھی بحریہ ٹاؤن کے الاٹیز اور رہائشیوں کے حقوق کے لئے جماعت اسلامی نے مسلسل اور بھر پور جد وجہد کی ہے جس کے نتیجہ میں ہزاروں افراد کے مسائل حل ہوئے اور ان کی ڈوبی ہوئی رقومات واپس ملیں۔ جماعت اسلامی کسی طور بھی بحریہ ٹاؤن کے مکینوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور جس طرح ہم کراچی کے شہریوں کے دیگر مسائل پر جد وجہد کر رہے ہیں اسی طرح ہر موقع پر بحریہ ٹاؤن کے مکینوں کے بھی شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بحریہ ٹاؤن کے معاملات میں کوئی بے ضابطگیاں ہوئی بھی ہیں تو ان کی زیادہ ذمہ داری حکومت سندھ کی ہے نیز یہ کہ سپریم کورٹ سے فیصلہ ہو جانے کے بعد اب معاملات عدالتی فیصلہ کی روشنی میں پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں۔ وفاقی حکومت اور حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے کہ بحریہ ٹائون کے مکینوں کے معاملات جن میں پلاٹوں کی لیز اور نا جائز طور پر ٹول ٹیکس کی ریکوری جیسے مسائل کو حل کرے اور ذاتی ملکیت رکھنے والوں کے لئے واضح اعلان کرے کہ کسی بھی کارروائی سے ان کے حقوق متاثر نہیں ہونگے۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رقومات حکومت سندھ کو منتقل ہوئی ہیں اس رقم سے بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کو ادا ئیگی ہونی چاہئے جس کے لئے سندھ حکومت فوری اقدامات کرے کیونکہ یہ رقومات حقیقت میں بحریہ کے متاثرین ہی کی ہیں جو بالواسطہ بحریہ ٹاؤن نے سپریم کورٹ میں جمع کرائیں۔وفد میں یا سر اسلم ، نجم اویس خان ، طارق رحمن خان ، ڈاکٹر عاصم جعفری ، راشد ترمذ ی ، ملک جنید اور نسیم احمد شامل تھے۔ وفد نے اخبارات اور میڈیا میں بحریہ ٹاؤن کے حوالے سے نیب کی کارروائیوں کی خبروں سے بحر یہ ٹاؤن کے رہائشیوں میں پھیلی ہوئی تشویش اور بے چینی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بحر یہ ٹاؤن میں شہریوں نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی لگا کر ایک اچھی رہائش کیلئے جائیدادیں خریدیں اور ان میں سکونت اختیار کی۔ انتظامیہ سے بہت سی شکایات کے باوجود وہاں لوگ ایک پر امن اور صاف ستھرے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں جو کراچی میں کسی بھی جگہ لوگوں کو میسر نہیں، ایسے میں ہر کچھ دن بعد کسی ایجنسی جانب سے کارروائی کی خبریں وہاں کے مکینوں میں سر اسمیگی پھیلانے کا باعث بنتی ہیں۔