اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے میانمار، تھائی لینڈ اور پڑوسی ممالک میں تباہ کن زلزلے کی خبر پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ہم میانمار، تھائی لینڈ اور پڑوسی ممالک میں تباہ کن زلزلے کی دل دہلا دینے والی خبر سے بہت افسردہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے خیالات اس سانحے سے متاثرہ تمام لوگوں کے ساتھ ہیں، ہم تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ترجمان نے کہاکہ ہم ان بہادر افراد، ایمرجنسی ورکرز کو جو بچا و امدادی کارروائیوں کے لیے زمین پر تندہی سے کام کر رہے ہیں کو سراہتے ہیں۔شفقت علی خان نے کہاکہ اس ہنگامی حالت میں ان کی بہادری اور عزم واقعی قابل تعریف ہے، ہم اس مشکل دور میں متاثرہ حکومتوں اور کمیونٹیز کے ساتھ اپنی اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ میانمار میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا ہے، جس کے جھٹکے بھارت، چین، بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ تک محسوس کیے گئے ہیں۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث میانمار کے دارالحکومت نیپیڈو میں سڑکیں آمدورفت کے لیے بند ہوگئی ہیں۔زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر مڈلے سے قریبا 17.2 کلومیٹر تھا، جس کی آبادی لگ بھگ 12 لاکھ ہے