اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے واضح کیا ہے کہ عمران خان 9 مئی واقعات پر کوئی معافی نہیں مانگیں گے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہاکہ یہ ناممکن ہے کہ عمران کوئی معافی مانگیں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان سے ملاقات کا معاملہ باہمی رضا مندی سے طے پا گیا ہے، تاہم یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ جو لوگ ملاقاتیں کریں گے وہ باہر آکر کوئی گفتگو نہیں کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ ہمیں کہا گیا کہ عمران خان سے ملاقات کرنے والے باہر آکر سیاسی گفتگو کریں گے تو امن و امان کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے، تاہم ارکان پارلیمنٹ جہاں چاہیں گے اپنا نقطہ نظر پیش کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطہ ہے اور گفتگو اچھی چل رہی ہے، جے یو آئی سمیت سب کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر بھی پولیس نے پی ٹی آئی رہنماوں کے گھروں پر چھاپے مارے، ایسا کرنا صرف آئین ہی نہیں شرافت کی بھی پامالی کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی اور ن لیگ اگر اپنے رویے پر کوئی نظرثانی کریں تو پھر بات ہو سکتی ہے، لیکن امکان نہیں کہ یہ ایسا کریں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ اگر عمران خان 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگ لیں تو رہائی ممکن ہو سکتی ہے،سلمان اکرم راجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان کے معافی مانگنے کا کوئی امکان نہیں۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی معافی مانگیں گے تو وہ غلط فہمی میں ہے، ایسا ہونا ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت اچھی چل رہی ہے اور تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے، جن میں جے یو آئی، سندھ کی جماعتیں اور دیگر شامل ہیں۔