وزیراعظم عمران خان تاریخی دو روزہ دورے پر روس روانہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورہ پر روس روانہ ہو گئے۔وفاقی وزرا اور دیگر حکام وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں ،

وزیر اعظم روسی صدر کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں،روسی صدر کی دعوت پر کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کا یہ 23 سال بعد روس کا دورہ ہے۔ یہی وجہ ہے روس، یوکرائن کشیدگی کے باوجود ماہرین اس دورے کو اہم قرار دے رہے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر توانائی حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی دورہ روس کے لیے روانہ ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اور روسی صدر کے مابین دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں توانائی سمیت دوطرفہ تعاون کے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے مابین سٹریم گیس پائپ لائن، ٹرانسپورٹ، ایوی ایشن، انفارمیشن سیکیورٹی، جامعات تعاون، کسٹم امور، اجناس کی تجارت، دفاع، ادویہ سازی، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں معاہدوں، باہمی تعاون میں وسعت کا امکان ہے ، دورے کے دوران عمران خان کی نیوکلیئرسپلائرگروپ میں پاکستان کی رکنیت سے متعلق روسی سربراہ سے ملاقات ہوگی۔

ملاقات میں اقوام متحدہ سمیت فیٹف میں دوطرفہ تعاون اور خطیمیں امن کیلئیپاکستان کی دفاعی ضروریات پر بھی روس سے بات چیت ہوگی۔وزیراعظم کے دورہ روس میں دفاعی،سیکیورٹی تعاون کیلئے بھی اہم ملاقاتیں ہوں گی ، روسی عسکری حکام سے مشقوں،روسی دفاعی سامان کیلئے بھی پاکستان بات چیت کرے گا۔

اس دوران بھارت کو دیئے گئے ایس 400روسی ساختہ میزائل کیلئے بھی بات چیت کا امکان ہے۔روس اورپاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں  کے درمیان بھی مذاکرات ہونگے جبکہ پاک چین گیس لائن منصوبے میں شیئر ہولڈرز معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

دورہ روس میں ایل این جی معاہدوں سے متعلق بھی وفاقی وزیر حماد اظہر روسی ہم منصوبے سے بات کریں گے جبکہ منگلا ، مظفرگڑھ اور گدو ،جامشورو کے پاورپلانٹس کی اپ گریڈیشن پر بھی گفتگو ہوگی۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے میں اسلامو فوبیا، افغان صورتحال سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور زیر بحث آئیں گے جبکہ دورے سے دوطرفہ کثیر الجہتی تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون میں وسعت کا باعث ہو گا،

وزیر اعظم عمران خان کل  صبح جنگ عظیم دوئم کے سپاہیوں کی یادگار پر پھول رکھیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کی روسی صدرولادی میرپیوٹن سے اہم ملاقات جمعرات کو ہوگی ، ملاقات 2 سے 3 گھنٹے طویل ہوگی، جس میں طویل اور قلیل المدتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوگا اور اقوام متحدہ سمیت فیٹف میں دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت ہوگی،

معاون خصوصی شہباز گل پہلے ہی ماسکو پہنچ چکے ہیں۔ شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا وزیراعظم کا دورہ تاریخی ثابت ہو گا۔ وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی اہم ہے۔ ماضی میں روس کے ساتھ تعلقات اس سطح پر نہیں رہے۔ صورتحال بدل رہی ہے۔ دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔