پی ٹی اے کا غیر قانونی سم اجرا پر کریک ڈاؤن

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے)سائبر کرائم سرکل لاہور کے ساتھ مل کر میانوالی میں یو فون فرنچائز پر کامیاب چھاپہ مارا۔ فرنچائز غیر قانونی طور پر سمز کے اجرا  میں ملوث پائی گئی۔

چھاپے کے دوران 496 ڈیجیٹل فنگر پرنٹ امپریشنز (سنگل امپریشنز)، بایومیٹرک ویری فکیشن سسٹم (بی وی ایس)ڈیوائسز، دو اسکینرز اور ایک لیپ ٹاپ برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے۔ جبکہ ایف آئی اے کی ٹیم نے یہ تمام اشیا بطور ثبوت تحویل میں لے لیں، اور فرنچائز کے مالک کو گرفتار کرکے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔

مزید مجرموں کی نشاندہی کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے سائبر کرائم سرکل نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔واضح رہے کہ یہ چھاپے پی ٹی اے کی جانب سے ملٹی فنگر بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم (ایم بی وی ایس)کے ضمن میں جاری کوششوں کا تسلسل ہیں۔ غیر قانونی سم اجرا کے خاتمے کے لیے پی ٹی اے کے یہ پختہ عزائم اور بھرپور اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ یہ ادارہ اس مسئلے کے حل کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔