اسلامی نظریاتی کونسل کا 241واں اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلامی نظریاتی کونسل کا 241واں اجلاس کل اسلام آبا دمیں ہوگا،انسانی دودھ کے بینک کے قیام،بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی شادی معاہدہ ختم کر سکتی ہے ودیگرمعاملات پر غور کیاجائے گا۔اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے یادگاری ٹکٹ کی تقریب رونمائی بھی کی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کا 241واں اجلاس آج مرخہ 25مارچ 2025 بروز منگل دوپہر 01:30 بجے کونسل آڈیٹوریم میں منعقد کیاجائے گا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کریں گے۔ اجلاس میں بحث کے لیے پیش کیے جانے والے نکات میں سے چند اہم نکات درج ذیل ہیںانسانی دودھ کے بینک (Human Milk Bank) کا قیام،لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں قادیانیوں سے متعلق متنازعہ اقتباسات اور نظرثانی کی درخواست میں عدالت کا فیصلے کے معترضہ حصہ کو غیر موثر قرار دینا، سپریم کورٹ کا فیصلہ بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی شادی معاہدہ ختم کر سکتی ہے۔زکوة فنڈ کو سرمایہ کاری کی غرض سے اسلامی بینکوں میں رکھنا،خواتین کو وراثت سے محروم کرنے والی رسموں کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ،بجلی چوری کے خلاف مہم میں علما ء اکرام سے خطبات میں احکامات اور فتوی جاری کرنے کی استدعا شامل ہیں۔اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے یادگاری ٹکٹ کی تقریب رونمائی بھی دوپہر 02:00بجے منعقد کی جائیگی۔