اسلام آباد (صباح نیوز)سکیورٹی کے دعوئوں کے باوجود ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص قتل اور دوسرا زخمی ہو گیا ، ملزمان فرار ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 3 لوگوں نے پیشی پر آئے لوگوں پر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں 2 لوگ زخمی ہوگئے، ایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے لوڈر گاڑی میں ہسپتا ل منتقل کیا گیا۔
نامعلوم ملزمان فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہو گئے جب کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ دوسرے زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس حکام نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کی وجہ سے پیش آیا، وقوعہ کے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں سرچ آپریشن کررہی ہیں۔