لاہو ر (صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ معاشرے میں تبدیلی برپا کرنے کی جدوجہد سب سے عظیم کام ہے، نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں، وہ آگے بڑھیں اور انقلاب کی نوید بنیں۔ جماعت اسلامی بنوقابل کے ذریعے آئی ٹی کے شعبہ میں انقلاب برپا کررہی ہے، کراچی کے بعد پنجاب میں بھی بڑے پیمانے پر مفت آئی ٹی ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔ کے پی، اندرون سندھ اور بلوچستان میں بھی دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔ طلبا وطالبات تربیت لیکر رضاکارانہ طور پر پروگرام کا حصہ بنیں۔ حکومتوں سے پوچھتا ہوں کہ ایک پارٹی اتنے بڑے پیمانے پر مفت تربیت کا اہتمام کررہی ہے تو آپ نوجوانوں کو معیاری اور مفت تعلیم کیوں نہیں دے سکتے، حکمرانوں نے جان بوجھ کر قوم کو تعلیم سے محروم رکھا۔ اربوں کا تعلیمی بجٹ کرپشن کی نظر ہوجاتا ہے۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ملک کی سب سے بڑی افطار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گرینڈ افطار میں 6000 سے زائد یتیم بچوں، ان کی ماؤں اور اولڈ ایج ہومز کے بزرگوں نے شرکت کی۔
سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن سید وقاص انجم جعفری، نائب صدر ڈاکٹرمحمد مشتاق احمد مانگٹ، صدر الخدمت لاہور انجینئر احمد حماد رشید، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ و دیگر ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات، جامعات کے سربراہان، طلبہ، اساتذہ، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور مخیر حضرات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں بچوں کے لیے جھولے، فیس پینٹنگ، آرٹ کارنر، مہندی اسٹال، میجک شو، آرٹ کارنر، ڈی بیٹنگ کارنر، سمیت کئی تفریحی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔
امیر جماعت نے بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کہ یتیم بچے اور بے گھر افراد ہمارے معاشرے کا توجہ طلب طبقہ ہیں۔ الخدمت کے والنٹیرز کی جانب سے اِن کے لیے کی جانے والی کاوشیں اور اقدامات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک جہاں کیپیٹل انکم بہت ہے وہاں اطمینان قلب نہیں، دنیا کی سب سے بڑی نعمت سکون ہے اور یہ دوسروں کی مدد کرنے سے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت الخدمت کے زیراہتمام ملک بھر میں بائیس آغوش سنٹر ہیں، جہاں یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے مفت تعلیم اور بورڈنگ کا انتظام ہے، آنے والے دنوں میں ان سنٹرز کو بنو قابل کے زیراہتمام مفت آئی ٹی ٹریبنگ کیمپس کے طور بھی استعمال کیا جائے گا۔