اسلام آباد(صباح نیوز)احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی بریت کے لیے دائر اپیل مسترد کر دی۔
احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے فیصلہ سنایا۔ سماعت کے دوران احسن اقبال اور دیگر عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزمان کی حاضری لگائی اور احسن اقبال کو جانے کی اجازت دے دی۔
بعد ازاں سماعت کے دوران عدالت نے احسن اقبال کی بریت درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کرنے کا حکم سنا دیا،بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ عمران خان کے خلاف الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پانچ نہیں دسوں انگلیاں کرپشن میں دھنسی ہوئی ہیں تاہم اب ان کے خلاف الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اور اب وہ تنہا ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب اب تک ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر پائی اور حکومت ہمارے خلاف صرف کردار کشی کر رہی ہے۔ حزب اختلاف کو انتقام کا نشانہ بنانے سمیت عدالتی کارروائیوں میں الجھایا گیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی کو چیلنج کرتا ہوں کہ 32 پیسے کی کرپشن ثابت کر کے دکھائیں لیکن عمران خان نے عوام کے چندے اور عطیات میں مالی بدعنوانی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کروڑوں روپے کی کرپشن فارن فنڈنگ کیس میں سب کے سامنے ہے اور وہ بیرونی تحفوں کی فہرست دینے سے بھی انکاری ہیں۔ خود غبن کرنے والا دوسروں کو چور اور ڈاکو کہہ رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پیکا آرڈیننس کو خود عمران خان کالا قانون کہتے تھے لیکن ایسے آرڈیننس جاری کر کے بتا دیا کہ عمران خان جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنا پڑے گا اور ہماری توقع سے زیادہ تحریک عدم اعتماد پر حزب اختلاف کو رسپانس مل رہا ہے۔ عمران خان خود غرض شخص ہے جو نفسیاتی مریض ہے انہیں اپنا علاج کروانا چاہیے،
احسن اقبال کا کہنا ہے دن میں اپوزیشن کیخلاف بولنے والے رات کو فون کرکے کہتے ہیں ہمارے لئے جگہ بناو، ہم عمران خان سے تنگ ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا وزیراعظم سیاسی رشوت کے طور پر وزارتیں بانٹ رہے ہیں۔ پاکستان کی سب سے بڑی کابینہ عمران نیازی کی ہے، اب حکومت وفاق اور پنجاب کابینہ میں مزید توسیع کر رہی ہے۔ کابینہ میں توسیع کا مطلب حکومت وزارتیں بانٹ رہی ہے۔ وزارتیں بانٹنے کیلئے انکے پاس پیسے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیسے یا وسائل نہیں،،