کراچی(صباح نیوز)ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ میں اعتکاف کرنے والے تمام بھائیوں اور بہنوں سے درخواست کرتی ہوں کہ ڈاکٹر عافیہ کی سلامتی، صحت اور جلد رہائی اورعافیت کے ساتھ وطن واپسی کیلئے خصوصی طور پر دعاؤں کا اہتمام کریں۔انہوں نے علمائے کرام، ائمہ مساجداور عوام سے بھی رمضان المبارک کے آخری عشرے اور طاق راتوں میں عافیہ کی رہائی کے لیے خصوصی طور پر دعائیں کرنے کی اپیل کی ہے۔
عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جرم بے گناہی کی پاداش میں عافیہ کا 23 واں رمضان المبارک قید تنہائی میں گزر رہا ہے۔امریکی جیل میں ڈاکٹر عافیہ کا جنسی استحصال جاری ہے، یہاں تک طبی امداد دینے سے انکار کیا جاتا ہے اور شرط یہ رکھی جاتی ہے کہ وہ برہنہ ہونے کے لئے پیش ہو۔ عافیہ کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا جاتا ہے، اسے امام سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ نے رمضان المبارک میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے دعائیں کرنے پرملک بھر کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے ابتدائی دونوں عشروں میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ ٹیلی فون اور سوشل میڈیا کے توسط سے ڈاکٹر عافیہ سے یکجہتی کا اظہار اور ان کی رہائی کیلئے خصوصی طور پر دعاں کا اہتمام کررہے ہیں۔