رحمن ملک کی تدفین کل اسلام آباد میں ہوگی، نیر حسین بخاری


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ رحمن ملک کی تدفین کل اسلام آباد میں ہو گی، رحمن ملک کا انتقال بڑے دکھ کی بات ہے، وہ بڑے محنتی تھے، پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ان کی بہت خدمات ہیں۔

اسلام آباد میں رحمن ملک کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نیر حسین بخاری نے کہا کہ میں رحمن ملک کے گھر والوں کو پرسہ دینے آیا ہوں، مجھے بتایا گیا کہ رحمن ملک کی تدفین کل اسلام آباد میں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ 2009 میں رحمن ملک سینیٹر بنے تھے اور وزارت داخلہ کو بڑے احسن طریقے سے چلایا تھا۔ دوسری جانب سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر رحمن ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے،  وہ کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔

ترجمان نے سابق وفاقی وزیر داخلہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رحمن ملک کچھ وقت سے کورونا وائرس میں مبتلا اور وینٹی لیٹر پر تھے۔ سینیٹر رحمن ملک 2008 سے 2013 تک پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ رہے، ان کا میثاق جمہوریت میں بھی کلیدی کردار رہا ہے۔