مانسہرہ (صباح نیوز) مانسہرہ میں تھانہ خاکی کی حدود سسل تمبر کٹھہ میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد قتل جبکہ ایک ہی خاندان کے تین افراد زخمی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ۔ملزم کی گرفتاری کے لئے جانے والی ٹیم پر فائرنگ اچانک پولیس مقابلے میں بدل گئی۔ پولیس نے دوہرے قتل کے ملزم کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مختیار ولد خواص بابا کا خاندان دن تین بجے اپنے گھر میں موجود تھا کہ عدیل عرف کاکا اچانک کلاشنکوف اٹھائے ان کے گھر میں داخل ہوا جسے منع کرنے پر ملزم نے پورے خاندان کے افراد پر کلاشنکوف کے فائر کھول دیئے۔جس کے نتیجے میں قاسم ولد مسکین جاں بحق ہو گیا
جبکہ وقار ولد مختیار ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعہ میں مسما ة(الف)۔مختیار ولد خواص اور نعیم ولد نواز ساکنہ تمبر کٹھہ شدید زخمی ہو ئے۔ پولیس نے مقدمہ رجسٹر کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا جو چھاپہ زنی کے دوران ملزم کاکا نے گرفتاری سے بچنے کے لئے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دوہرے قتل کا ملزم کاکا ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کاکا اس سے قبل دوہرے قتل،اقدام قتل،راہزنی ،گاڑیاں چھیننے اور دیگر درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب رہا ہے اور اس رمضان میں جیل سے ضمانت پر رہا ہو کر آیا تھا۔۔