ہنگو(صباح نیوز) ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی ہنگو کے چیئرمین شاہ تراب خان ایم پی اے نے توغ سرائے کادورہ کیا جہاں انہو ں نے علاقے کے مشران سے توغ سرائے اور خٹک بانڈہ کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے حوالے سے ملاقات کی۔انہوں نے اس سلسلے میں مشران کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
شاہ تراب خان ایم پی اے نے دونوں فریقین سے امن و بھائی چارے کو فروغ دینے کی اپیل کی اور مسائل کے حل کیلئے مصالحتی کمیٹی کے قیام پر زور دیا۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہ کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت اور مذاکرات کے بغیر ممکن نہیں لہذا دونوں فریقین سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بات چیت کو آگے بڑھائیں اور باہمی مشاورت سے اس کا پرامن حل نکالیں۔
دونوں فریقین کے مشران نے چیئرمین ڈیڈاک ہنگو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ مسئلہ باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔