پشاور،اسلامی جمعیت طلبہ کی بدامنی اور دہشتگردی کیخلاف امن واک

پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی بدامنی کیخلاف اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام امن واک کا انعقاد کیاگیا ۔امن واک میں پشاور بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے طلباء اور والدین نے شر کت کی۔تاتارچوک حیات آباد میںطلباء نے بدامنی ،دہشتگر دی کیخلاف نعرے بازی کی اور حکومت سے قیام امن کا مطالبہ کیا ۔ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا اسفند یار عزت نے امن واک سے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ حکومت امن وامان کے قیام میں ناکام ہوچکی ہیں ،کوئی پوچھنے والا نہیں خیبر پختونخوا میں جید علماء کرام کی ٹارگٹ کلنگ حکومت اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں ۔

حکومت امن وامان قائم نہیں رکھ سکتی تو مستعفی ہوکر گھر چلی جائے ،امن وامان کی غیر یقینی صورتحال سے طلبہ طبقہ اور والدین شدید بے چینی کا شکار ہیں ۔اسفندر یار عزت نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ طلبہ کو پڑھنے کے لیے خوف وہراس سے پاک ماحول مہیا کرے ۔ پختون خطہ بدامنی کا متحمل نہیں ہوسکتا ،ڈالری جنگ کیخلاف تمام اسٹیک ہولڈرز کو متحد ہونا ہوگا ،امن وامان کے براہ راست اثرات ہماری تعلیم پر پڑتے ہیں ۔سیکورٹی کو یقینی بنانا صوبائی اور قانون نافذ کرنے والوں کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ بدامنی ،دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کیخلاف صوبہ بھر میں احتجاج کرے گی ۔امن واک سے ناظم پشاور حسن امین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔