لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری 24 فروری کو منصورہ میں سراج الحق سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات سوپہر تین بجے ہو گی جس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر مشاورت کی جائے گی۔
منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں تین اہم اجلاس بھی طلب کر لیے جن میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال ،جماعت اسلامی حکومت مخالف تحریک اور دیگر امور زیربحث آئیں گے۔ قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی یوتھ بورڈ کا اجلاس 23 فروری کو ہو گا جب کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 24فروری کو بعد نماز عصر ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ مرکزی مجلس شوریٰ کا تین روزہ اجلاس 25 فروری کو شروع ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق 27 فروری کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی 101دھرنوں کی تحریک بھرپور طریقے سے جاری ہے ۔مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف جماعت اسلامی فیصلہ کن دھرنا اسلام آباد میں دے گی۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی گردنوں میں آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق ڈال دیا ہے۔ملک میں لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں، پارلیمنٹ کو بے توقیر کر دیا گیا ہے ا ور ایوان صدارت آرڈی نینس فیکٹری بن گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ غربت کی وجہ سے ملک میں لاکھوں بچے سکول نہیں جاتے۔ صحت کا نظام درہم برہم ہے اور پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔ ملک پر قرضوں کا پہاڑ اور عام انسان کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی اسلامی انقلاب برپا کر کے اسے فلاحی مملکت بنائے گی۔