پیپلز پارٹی اپنا لانگ مارچ ملتوی کرے: مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد(صباح نیوز) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام(ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الگ الگ مارچ سے تقسیم کا تاثر ملتا ہے، پیپلز پارٹی اپنا لانگ مارچ ملتوی کرے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم سربراہ سے ملاقات کی تھی جس میں متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان لانگ مارچ اور عدم اعتماد پر اختلافات ہیں جبکہ ہارس ٹریڈنگ نہ کیے جانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے مشورہ دیتے ہوئے بتایا کہ پیپلزپارٹی 27 فروری کا لانگ مارچ ملتوی کرے ، دو الگ الگ لانگ مارچ کرنے سے اپوزیشن کی تقسیم کا تاثر ملتا ہے۔ پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ لانگ مارچ میں شریک ہو۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرکز یا پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک پر دونوں رہنما تقسیم نکلے۔ذرائع کے مطابق مولانا نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پہلے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیے جس پر شریک چیئر مین پی پی نے کہا کہ وزیراعظم سے قبل وزیراعلی پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیئے۔ذرائع کا کہنا ہے ملاقات میں ن لیگ کی جانب سے اتحادیوں کی بجائے حکومتی ناراض ارکان کو ساتھ ملانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

آصف زرداری نے کہا لیگی رہنماوں نے بتایا ہے کہ حکومت کے 20 سے 22 ناراض ارکان نے ن لیگ کو حمایت کا یقین دلایا ہے۔مولانا اور زرداری نے حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے جاری رکھنے اور تحریک عدم اعتماد اور لانگ مارچ پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا،