الخدمت فاؤنڈیشن کراچی میں عالمی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کر رہی ہے، نوید علی بیگ

کراچی(صباح نیوز) چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عالمی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کر رہی ہے ۔اس وقت کراچی میں الخدمت کے 6ہسپتال اور10میڈیکل سینٹر زکام کررہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کی اس وقت 14فارمیسیز آپریشنل ہیں ۔19لیبارٹریز اور کلیکشن پوائنٹس موجود ہیں ،جہاں لوگوں کو انتہائی ارزاں نرخوں پر عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ گزشتہ برس الخدمت کی ہیلتھ سروسز سے 30لاکھ 23ہزار 99لوگوں نے استفادہ کیا ۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت نے ناظم آبادمیں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری قائم کی ہے ،جہاں جدید ترین سی ٹی اسکین ،ایم آرآئی ،میموگرافی سمیت مہنگے ٹیسٹوں کی سہولت ارزاں نرخوں پر فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا ہماری فارمیسزپر معیاری اور ٹمپریچر کنٹرول ادوایات 15فیصد رعایت کے ساتھ دی جاتی ہیں۔ دواو ں کے معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا ۔الخدمت جعلی ادویات کی ہمیشہ حوصلہ شکنی کرتی آئی ہے اور الخدمت کی فارمیسز میں فارماسسٹ موجود ہوتے ہیں ۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کی ہیلتھ سروسز کا اعتراف کراچی میں قومی ونجی ادارے بھی کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے ملازمین کیلئے الخدمت کی ہیلتھ سروسز استعمال کرنے کو اولیت دیتے ہیں ۔اس ضمن میں انہوں نے الخدمت کے ساتھ ایم او یو بھی سائن کیے ہوئے ہیں ۔نوید علی بیگ نے کہا یہی نہیں الخدمت دورافتادہ علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے لوگوں کو صحت کی سہولتیں پہنچانے میں بھی پیش پیش ہے ۔انہوں نے کہا کہ اہل خیر ماہ مقدس میں الخدمت کی ہیلتھ سروسز میں اس کا ساتھ دیں ۔