سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں پھنسی ہوئی شناخت سے محروم پاکستانی خواتین اور ان کے خاندانوں کے 3 ہزار ارکان مقبوضہ کشمیر کی شہریت یا پاکستان واپسی چاہتے ہیں۔
اس مطالبے کے حق میں شناخت سے محروم پاکستانی خواتین نے سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ۔ خواتین نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر درج تھا کہ حکومت پاکستان واپس بھیجے یا انہیں مقبوضہ کشمیر کی شہریت دے۔ ہمیں انصاف چاہیے،ہمارے مطالبے پورے کرو ۔
احتجاجی مظاہرے میں شامل مصباح نامی خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے 370 کنبے ہیں جو زائد از تین ہزار نفوس پر مشتمل ہیں اور وہ گوناگوں مشکلات و مسائل سے دوچار ہیں۔
ہم سے کہا گیا تھا کہ آپ کو تمام حقوق بشمول سفری دستاویزات فراہم کئے جائیں گے تاکہ اپنے اہلخانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ وقت وقت پر ملتے رہیں اگر بھارتی حکومت کی انہیں یہاں لانے کی پالیسی ناکام ہوئی ہے تو انہیں چاہئے کہ واپس بھیج دے۔۔ یاد رہے پاکستان اور آزاد کشمیر کی تقریبا ساڑھے تین سو خواتین گزشتہ دس سال سے مقبوضہ کشمیر میں موجود ہیں۔ ان خواتین نے پاکستان اور آزاد کشمیر میں مقیم کشمیری نوجوانوں سے شادیاں کیں تھیں۔
بھارتی حکومت کی پالیسی کے تحت2010 میںیہ خواتین شوہروں کے ہمراہ مقبوضہ کشمیر گئیں تھیں تاہم مقبوضہ کشمیر پہنچنے کے بعد بھارتی حکومت نے انہیں قبول کرنے سے انکار کر دیا ۔ ان خواتین کی شناختی دستاویزات دی گئیں اور نہ ہی شہریت۔ سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے یہ خواتین پاکستان و آزاد کشمیر واپس نہیں آسکتیں ہیں۔
ان خواتین کا کہنا ہے کہ وہ تمام سہولیات سے محروم ہیں اور قیدہوکررہ گئیں ہیں۔احتجاجی خواتین نے کہا ہمیں اپنو ں کی یاد تو آتی ہے لیکن خوشی یا غم میں ہمیں شریک ہونے کی اجازت تک نہیں دی جاتی جس کے نتیجے میں اب تک کئی پاکستانی خواتین زہنی توازن کھو بیٹھی ہیں۔سفری دستا ویزات کی عدم دستیا بی کی وجہ سے وہ گزشتہ10سال سے پاکستان میں اپنے گھرو ں کو نہیں جا سکتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی حکومت نے پہلے انہیں اپنے کشمیری شوہروں کے ساتھ وادی کشمیر میں داخلے کی اجازت دی لیکن بعد میں انہیں تمام بنیادی اور جمہوری حقوق سے محروم کردیا گیا۔ہم شدید ذہنی دبا میں ہیں کیونکہ ہم پاکستان میں اپنے خاندانوں سے ملنے سے قاصر ہیں۔
ایک خاتون نے کہا کہ ہندوستانی حکومت ہمیں ہمارے حقوق سے محروم کررہی ہے۔