ملک میں غیریقینی کی صورتحال امن کی طرف منتقل ہورہی ہے، آرمی چیف


راولپنڈی(صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن ردالفساد کے پانچ سال مکمل ہونے پر شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں غیریقینی کی صورتحال امن کی طرف منتقل ہورہی ہے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے آپریشن رد الفساد کے پانچ سال مکمل ہونے پر ٹوئٹر پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام شیئر کیاہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آج آپریشن ردالفساد کے 5 سال مکمل ہو گئے۔ آپریشن ردالفساد کا مقصد دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے ثمرات کو مستحکم کرنا ہے۔ ہم شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

آرمی چیف نے کہاہے کہ آپریشن کا مقصد ملک بھر میں دہشتگردوں کی باقیات کو ختم کرنا ہے۔آپریشن ردالفساد سے پاکستانی عوام کو تحفظ ملا۔ پاکستانی عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہمارا مقصد ہے۔

انہوں نے کہاہے کہ ملک میں غیریقینی کی صورتحال امن کی طرف منتقل ہورہی ہے۔ امن کو برقرار رکھنے کیلئے دہشتگردوں کیخلاف آپریشنز جاری ہیں۔

آپریشن ردالفساد کی کامیابیاں شہدا کے خون اور عوام کے جذبے سے ممکن ہوئیں۔ ہم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں اور قوم کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔