پی ٹی آئی حکومت اپنا حق حکمرانی کھو چکی ہے، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ


 راجن پور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اپنا حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ اس حکومت نے صرف مہنگائی ہی نہیں بلکہ ملک و قوم کو غلامی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ اوگرا نے پٹرول کی قیمت 12.3پیسے بڑھانے کی سمری بھیجی، اس حکومت کے پاس اتنا اختیار بھی نہیں کہ تین پیسے بھی چھوڑ سکے

ان خیالات کا اظہار انھوں نے راجن پور میں مہنگائی، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔فرید پراچہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ناکام ترین ثابت ہوئی ہے۔ راجن پور کی پسماندگی کا یہ حال ہے کہ صوبہ بلوچستان کے علاقہ سوئی سے نکلنے والی گیس، راستے میں آنے والا  پنجاب کا پہلا ضلع راجن پورہی اس سہولت سے محروم ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے جو اسی ڈویژن میں آتا ہے۔ صوبہ پنجاب اور ضلع راجن پور کی بدقسمتی ہے کہ نااہل حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے یہ علاقہ گیس سے محروم ہے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ ضلع راجن پور میں یونیورسٹی تعمیر کی جائے اور انڈس ہائی وے کو ڈبل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ حکمران اب مصنوعی سہاروں پر بھی زیادہ وقت نہیں گزار سکتے۔سیاسی دیوالیہ پن کی وجہ سے ملک کے تمام شعبہ جات تیزی سے تنزلی کا شکار ہیں لیکن افسوس وزیر اعظم اوروفاقی وزرا ء شرمندگی کی بجائے اب بھی مسلسل جھوٹ بولنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔تین بڑی سیاسی جماعتوں نے یکساں پالیسیاں اپنا کر آج ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ جہاں مہنگائی،بے روزگاری،کرپشن اور سودی نظام نے عوام سے ان کے چہروں کی مسکراہٹ چھین لی ۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے ، عوام ساتھ دے۔