گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، قیصرشریف


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصرشریف نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی حکومت جماعت اسلامی کے تیسرے دھرنے سے ہی گھبرا گئی۔ حکومت فاشسٹ ہتھکنڈے اپنا کر جماعت اسلامی کو مرعوب نہیں کرسکتی۔

منصورہ سے جاری بیان میں قیصرشریف نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے۔ عوام پر ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتے، مہنگائی، بیروزگاری کے خلاف دھرنے جاری رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے جمعہ کو گوجرانوالہ میں پرامن دھرنا دیا، حکومتی مقدمات ہمیں دھمکانے کی کوشش ہیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ مقدمات فی الفور واپس لیے جائیں، ایسا نہ ہوا تو اگلے لائحہ عمل کااعلان کریں گے۔ عوام کے حق کے لیے سو دھرنے دیے جائیں گے، ایک سو ایک واں دھرنا اسلام آباد میں ہوگا۔