یہ نواز اور شہباز شریف سے خوفزدہ ہیں ،مریم اورنگزیب


لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن ) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ نواز شریف اور شہباز شریف سے خوفزدہ ہیں، عمران خان صاحب! آپ کی حکومت گرچکی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرائے کے ترجمانوں کا ایسا کوئی بیان نہیں جس میں مہنگائی کم ہوئی ہو، آپ نے عوام کا پیسہ لوٹا، لوگوں کو بے روزگار کیا، آپ کو شہباز شریف کا اتنا خوف کیوں ہے ؟ راتوں رات پٹرول 12 روپے مہنگا کرنے پر شرم نہیں آئی ؟ عمران خان کے دستخط سے آٹا، چینی چوری ہوئی، نواز شریف نے اپنی بیٹی کو ہتھکڑی لگوائی، آپ اپنا دل مضبوط کریں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے شہباز شریف جیسی اورنج لائن نہیں بنتی، ہم ہر عدالت سے بری ہوچکے ہیں، ہر روز چیزیں مہنگی ہوتی جا رہی ہیں، آپ اپنا دل مضبوط رکھیں، جیل جانے کا وقت آچکا ہے، یہ خوفزدہ اس لیے ہیں کہ نواز شریف جیسا موٹروے نہیں بنتا۔