اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کے بعد اب بجلی کی قیمت میں بڑے اضافے کی تیاری کرلی ۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست نیپرا کو بھیج دی ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کو سی پی پی اے کی جانب سے دی گئی درخواست میں بجلی فی یونٹ 6روپے 10پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیپرا کاکہنا ہے کہ درخواست جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے جس پر سماعت 28فروری کو ہوگی۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست کے الیکٹرک کے سوا تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پیٹرول کی قیمت 12روپے 3پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 159 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 9 روپے 53 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 154 روپے 15 پیسے فی لیٹر تک جاپہنچی ہے۔