اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرپرسن نیوٹیک محترمہ گلمینہ بلال احمد اور کنٹری ڈائریکٹر WELT HUNGER HILFE (WHH)( ڈبلیو ایچ ایچ) محترمہ عائشہ جمشید سے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی ۔ ملاقات کا مقصد بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین اور انکے گھرانوں کے افراد کی بینظیر ہنر مند پروگرام کے تحت سکل ٹریننگ، بین الاقوامی معیار کے سرٹیفکیشنز اور بیرون ملک ملازمت کے مواقعوں کی فراہمی کیلئے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی اور نیوٹیک باہمی اشراک سے مستحق افراد کی معاشی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ڈیٹا بیس کی مدد سے بین الاقوامی مارکیٹ ڈیمانڈ جیسے ہوم کیئر، نرسنگ اور ہاسپٹیلٹی جیسے شعبوں میں نیم ہنر مند افراد کی نشاندہی کی ضرورت ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرتے ہوئے انہیں متعلقہ صنعتوں اور ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹس سے منسلک کیا جاسکے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کے مستحق افراد بہتری کیلئے دستیاب تمام وسائل کو برئے کار لانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن گلمینہ بلال نے NAVTTC کی جانب سے بی آئی ایس پی مستحقین کی سکل ٹریننگ اور بین الاقوامی معیار کے سرٹیفکیشنز کی فراہمی کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ WHH کیاسکیل اپ پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 14 اضلاع میں بی آئی ایس پی کے غریب ترین نیم ہنرمند افرادکو انکی دلچسپی کے مطابق ٹریننگ فراہم کئے جانے پر بات چیت کی گئی۔ آئندہ ملاقات میں بی آئی ایس پی، نیوٹیک اور ڈبلیو ایچ ایچ کے مابین مطلوبہ سکل سیٹ کے مطابق مستحق افراد کی نشاندہی اور لائحہ عمل کا مسودہ پیش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا