منڈی بہاؤالدین(صباح نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے، لندن مفرور ہونے والے فراڈیوں کو بھی پاکستان واپس آنا ہے، چوروں اور لٹیروں کی آخری آماجگاہ اڈیالہ جیل ہے۔
منڈی بہاؤالدین میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ شریف برادران اقتدار سے باہر ہوں تو گھٹنوں کو ہاتھ لگاتے ہیں، شہباز شریف گھبراہٹ میں ٹامک ٹوئیاں مار رہے ہیں۔ اپوزیشن بلیک میلرز کا ٹولہ ہے اور حزب اختلاف کے جلسے ملک بھر میں ناکام ہو گئے ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ لندن مفرور ہونے والے فراڈیوں کو بھی پاکستان واپس آنا ہے، چوروں اور لٹیروں کی آخری آماجگاہ اڈیالہ جیل ہے۔انہوں نے کہا کہ آر یا پار کرنے والے جگہ جگہ خوار ہو رہے ہیں جبکہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے۔ مسلم لیگ جعلسازی سے ہمیشہ نمبر ون رہی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ رمضان شوگر ملز کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے آتے ہیں اور مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب روپے منتقل ہوتے ہیں لیکن مریم صفدر کہتی رہیں کہ لندن کیا پاکستان میں بھی ان کی کوئی جائیداد نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کے بھائی نے اقرار کیا کہ لندن فلیٹس ان کے ہیں اور مریم صفدر نے 17 بار اپنے کیس میں التوا ء لی۔وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم کی عوامی رابطہ مہم کا آغاز منڈی بہاوالدین سے کررہے ہیں، وزیر اعظم نے منڈی بہاالدین کے لئے 30 ارب کا ریکارڈ ترقیاتی پیکیج دیا ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ کل وزیر اعظم کا منڈی بہاالدین کا جلسہ تاریخی ثابت ہوگا۔