لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن پرفارمنس پر نہیں بلکہ سازشوں پر سیاست کرنا چاہتی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کراچی کیساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کی طرح ان کے ڈاکٹر بھی سچ بولنے سے قاصر ہیں، ان کی میڈیکل رپورٹس جھوٹ کا پلندہ ہیں، بچہ بچہ جانتا ہے نواز شریف کی بیماری کی حقیقت کیا ہے، عوام اور اشرافیہ کے لیے دو مختلف قانون نہیں ہو سکتے، اس وقت نہ تو نوازشریف واپس آنا چاہتے ہیں تاکہ جیل کا سامنا نہ ہو، اور نہ ہی شہباز شریف ان کو واپس لانا چاہتے ہیں تاکہ وہ خود کھل کے کھیل سکیں لیکن حکومت نواز شریف کو واپس لا کے رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ کراچی کیساتھ سوتیلوں والا سلوک کیا، کراچی کی عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، پیپلزپارٹی کی نااہل حکومت نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا، پیپلزپارٹی بلدیاتی نظام میں بھی کراچی والوں کیساتھ ہاتھ کرگئی، اہل کراچی نے پیپلزپارٹی کو مسترد کر دیا،پیپلزپارٹی اندرون سندھ تک سکڑ کر رہ گئی ۔