ملتان(صباح نیوز) سینٹ میں اپوزیشن لیڈر ورہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھے گی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے حکومتی وزرا نے معاہدہ کیا ہے تو آئی ایم ایف کی ماننا تو پڑے گی۔ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے دیگر اشیا بھی مہنگی ہوں گی۔ یہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتیں متحد اور ایک پیج پر ہیں۔ اس حکومت کا جانا اب بنتا ہے۔
انہوں نے کہا سینیٹ الیکشن میں حکومت نے تسلیم کیا کہ 16 ارکان نے اپوزیشن کو ووٹ دیا۔ تحریک عدم اعتماد پر بھی ایسا ہی کچھ ہو گا۔ن لیگ کے حمزہ شہباز بولے پیٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پیٹرول کی قیمت 159 روپے سے زائد کرنے کا سہرا اس حکومت کے سر ہے۔ ہر پندرہ دن پر عوام کی جیب پر ڈاکا مارا جاتا ہے۔
سند یافتہ کرپٹ ترین حکومت نے ملک کو دا پر لگا دیا ہے۔ آخر کس ایجنڈے کے تحت عوام کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے۔حمزہ شہباز نے کہا اس حکومت نے پاکستان کے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ گزشتہ سال بھی پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا تھا۔