لاہور/اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سینئرصحافی محسن بیگ کی گرفتاری قابل مذمت، افسوس ناک اورشرمناک ہے۔
بدھ کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ24 فروری کوفنانشل ایکشن ٹاسک فورس( فیٹف) جلاس سے قبل میڈیا کے خلاف تازہ دھاوا پاکستان کے لیے عالمی سطح پرمزید رسوائی کے مترادف ہے۔مہنگائی، معاشی تباہی اور دیگر سنگین مسائل سے نمٹنے کی بجائے، سوال کرنے والوں سے نمٹنا بدترین حماقت وفسطائیت ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سینئر صحافی محسن بیگ کی گرفتاری بدترین انتقامی کارروائی ہے فوری رہا کیا جائے ۔
بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب جس کو گرفتار ہونا چاہئیے وہ صحافیوں کو گرفتار کر رہا ہے، عمران صاحب گرفتار تو آٹا چینی بجلی گیس دوائی چور کو ہونا چاہئے، محسن بیگ کی گرفتاری انتقامی، گھٹیا اور آمرانہ سوچ کا نتیجہ ہے۔