لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ سالوں کی طرح رواں سال بھی ملک بھر میں نادار اور سفید پوش طبقے کو وینٹر پیکج تقسیم کر رہی ہے۔ اسی سلسے میں الخدمت کی جانب سے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے خواجہ سراؤں میں بھی وینٹر پیکج تقسیم کرنے کا اہتمام کیا گیا۔
لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے خواجہ سرا کمیونٹی میں 50 سے زائد وینٹر پیکجز تقسیم کیے گئے۔ اِس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکر اللہ مجاہد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سرا اس معاشرے کا حساس طبقہ ہے جو بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے ۔ اس نادار طبقے کا خیال رکھنا اور ان سے عزت کے ساتھ پیش آنا انکے حقوق میں شامل ہے۔
الخدمت خواجہ سرا کمیونٹی کی فلاح وبہبود کے لیے کوشاں ہے ۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنے تمام شعبہ جات میں خواجہ سراؤں کے لیے ایک مخصوص کوٹہ رکھا ہے۔ الخدمت اِس سال ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ نادار اور سفید پوش افراد میں وینٹر پیکج تقسیم کر رہی ہے۔ اب تک 20 ہزار سے زائدافراد میں وینٹر پیکج تقسیم کیے جا چکے ہیں ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا مہنگائی سے ملک بھر میں نادار اور سفید پوش طبقہ شدید متاثر ہوا ہے ۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے کمیونٹی سروسز ڈیپارٹمنٹ کا مقصد غربت میں پسے افراد کو بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔