لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی مجلس قائمہ سیاسی وقومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نااہل، نالائق ، ناکام اور عوام دشمن ہے، فوری استعفیٰ دے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی، پارلیمانی اور اقتصادی محاذ پر بے یقینی اور فساد در فساد ملک وملت کے لئے بڑا نقصان دہ ہے۔ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان سردجنگ ہمیشہ کی طرح ہولناک نتائج ہی لائے گی۔ سیاست کا المیہ یہ ہی ہے کہ کھلنڈرے، غیر ذمہ دار گروہ خاندان مسلط ہیں۔ 22 کروڑ عوام یرغمال بنے ہوئے ہیں، اسی وجہ سے سیاسی ، جمہوری ا ور پارلیمانی عمل نہ جڑ پکڑتا ہے اور نہ ہی مستحکم ہوتاہے۔
لیاقت بلوچ نے سوالات کے جواب میں کہا کہ عمران خان سرکار ناکام ہے، ٹیم نااہل ہے اور سیاست پارلیمنٹ اور ریاستی نظام کو تماشہ بنایا ہوا ہے۔ عمران خان ریاست مدینہ نظام تو نہ دے سکے لیکن مغربی جمہوری نظام کی مثالیں اور تعریفیں کرتے نہیں تھکتے۔اب ان کے سامنے عمل میدان ہے جب حکومت ناکام اور عوام پریشان ہیں تو آئینی جمہوری راستہ اور حسن یہی ہے کہ حکومتیں استعفیٰ دیں اور عوام سے نئے مینڈیٹ کے لئے رجوع کیا جائے۔ اسٹیبلشمنٹ کا کوئی حق نہیں کہ سیاست انتخاب میں مداخلت کرے اور حکومت اگر غیر آئینی بنیادوں پر اسٹیبلشمنٹ اور ریاستی نظام میں ٹکرا ئوپیدا کرے گی۔تو ہمیشہ کی طرح نقصان ہی ہو گا۔اسلام کی حکمرانی، آئین کی پابندی اور عوام کے لئے خودانحصاری کا فلاحی نظام ناگزیر ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ عدم اعتماد حکومتوں کی تبدیلی کا طریقہ آئینی ہے، حکومت مخالف جماعتوں کا یہ آئینی جمہوری حق ہے۔ اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد تحریک کے لئے میڈیا پر زور لگا رہی ہیں۔ ابھی تک عملی نقشہ کار سامنے نہیں آیا۔ حکومتی اتحادی بھی انگڑائیاں لے رہے ہیں ،دایاں دکھا رہے ہیں اور امکان ہے کہ بایاں ہی استعمال کریں گے۔ مفادات کی سیاست گرگٹ کی طرح رنگ بدلتی رہتی ہے۔
جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے کہ حکومت نااہل، نالائق ، ناکام اور عوام دشمن ہے۔ فوری استعفیٰ دے اور عوام سے نیا مینڈیٹ لیا جائے، اپوزیشن جماعتوں کی عدم اعتماد تحریک کے حوالے سے جب تفصیلات ہمارے ساتھ شیئر کی جائیں گی تو جماعت اسلامی اپنے موقف اور اقدام کا اعلان کرے گی۔ جماعت اسلامی کا قومی اسمبلی میں ایک ووٹ بھی سب پر بھاری ہو گا۔