لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پٹرول بم گرا کر عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔
پٹرول کی نئی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں 4فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ حکومت پاکستان کمی کی بجائے اضافہ کر دیا۔ جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ ظالم حکمرانوں کے خلاف عوام باہر نہ نکلے تو قوم و ملک کا مستقبل تاریک ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے مہنگائی میں 400فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ عمران خان کو جھولیاں بھر بھر کر ووٹ ڈالنے والے آج جھولیاںاٹھا اٹھا کر بد دعائیں دے رہے ہیں۔
سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعدادمیں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ نا اہلوں کا ٹولہ ہے جو اقتدارکی مسند پر براجمان ہے ،اب وقت آگیا ہے کہ ان بے حس حکمرانوں کو گھر بھیجا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے جس تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا وہ خطرناک سونامی میں تبدیلی ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین اور دو وقت کی با عزت روٹی کمانا بھی مشکل ترین بنا دیا ہے۔ عوام کے معاشی قتل عام کو فوری طور پر بند کیا جائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت کے 101احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 18فروری کو گوجرانوالہ میں عظیم الشان احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق خصوصی خطاب فرمائیں گے۔