غزہ(صباح نیوز) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے جنگجو نے اسرائیلی فوجیوں پر فدائی حملہ کردیا۔جس میں کم ازکم 8اسرائیلی فوج زخمی وہلاک ہوگئے ۔
غیرملکی خیررساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں القسام بریگیڈز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ القسام بریگیڈز کے ایک جنگجو نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں اسرائیلی فوج کے اسنائپر اور اس کے معاون کو انتہائی قریب سے نشانہ بناکر ہلاک کردیا۔
اس حملے کے ایک گھنٹے بعد وہی جنگجو ایک اسرائیلی فوجی کا بھیس بدل کر 6 اسرائیلی فوجیوں پر مشتمل ایک دستے کے درمیان داخل ہوا اور خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
القسام بریگیڈز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈز کا یہ فدائی حملہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ میں اسرائیلی فوج پر ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے۔