اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی) نے ملک کے 10 فیصد سے کم کورونا مثبت والے علاقوں سے پابندیاں اٹھالیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اہم اجلاس ہوا، جس میں مختلف سیکٹرز میں نافذ شدہ ایس او پیز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں ایس او پیز پر نرمی کا فیصلہ کیا گیا،این سی او سی نے کورونا پابندیوں کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے تحت 10 فیصد سے کم کورونا مثبت والے علاقوں سے پابندیاں اٹھالی گئیں۔ان شہروں میں 300 افراد کیساتھ ان ڈور تقریبات ہوسکیں گی۔ آوٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد شریک ہوسکیں گے۔ 12 سال سے کم عمر بچوں کے تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کیساتھ کھلے رہیں گے۔کم شرح والے علاقوں میں مکمل ویکسین شدہ افراد کو ان ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔
سینما،مزارات مکمل ویکسین شدہ افراد کیلئے کھلے رہیں گے۔ ان ڈور اسپورٹس سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔این سی او سی نے 10 فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز والے شہروں کی فہرست جاری کردی جہاں پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان شہروں میں گلگت، مظفرآباد، مردان، کراچی، حیدرآباد اور پشاور شامل ہیں۔10 فیصد مثبت شرح والے شہروں میں 12 سال سے کم عمر بچے متبادل دنوں میں اسکول جائیں گے۔ ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔
این سی او سی کے مطابق ڈومیسٹک پروازوں پر کھانے اور اسنیکس پر پابندی برقرار رہے گی۔ ٹرینوں میں 80 فیصد،پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد مسافروں کیساتھ چلائی جائے گی۔این سی او سی نے کہا ہے کہ کورونا 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں کیلئے اگلا جائزہ اجلاس 21 فروری کو ہوگا