استنبول(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے بیروت کے راستے فوری انخلامیں سہولت فراہم کرنے پر لبنان کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کال پر لبنان کے وزیراعظم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے شام میں پھنسے پاکستانیوں کو فوری سہولت فراہم کی جس سے ہمارے تعلقات کی مضبوطی ظاہر ہوتی ہے، پاکستان لبنان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
استنبول میں لبنان کے وزیر اطلاعات زیاد میکیری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے لبنان کی علاقائی سالمیت اور امن کے قیام کے حوالے سے حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان ہونے والی بات چیت نے شام میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا راستہ ہموار کیا جس پر لبنان کی حکومت کے شکر گذار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور لبنان کے درمیان برادرانہ اور گرم جوشی پر مبنی تعلقات ہیں، پاکستان لبنان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں لبنان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر لبنان کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں لبنان کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ جنگ سے متاثرہ لبنان کے عوام کے لئے امدادی سامان بھجوانے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی مضبوطی اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان نے لبنان کے عوام کی امداد کی۔انہوں نے کہا کہ بیروت کے ایئرپورٹ پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی کہ وہ وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ لبنان کے وزیر اطلاعات نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا