استنبول(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ کے بیان پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مدارس بل پر صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات میں فیٹف کا ذکر ہے اور نہ ہی کوئی تعلق، بل پر جو اعتراضات لگائے ہیں وہ قانونی اور آئینی ہیں۔
عطا تارڑ کااپنے بیان میں کہنا تھا کہ قانونی اور آئینی معاملات پر سیاست کرنا کسی کے حق میں نہیں، مدارس کی رجسٹریشن کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(فیٹف) سے جوڑنا بے سروپا تخیل اور خیال آرائی کے مترادف ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ قانون سازی کا طریقہ کار آئین میں واضح ہے،
صدر مملکت نے آئینی اعتراضات لگائے ہیں اوران کی تصحیح بھی آئینی طور پرپارلیمان سے ہونی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر غیر ضروری بیان بازی اور تنقید برائے تنقید سے صدر اور پارلیمنٹ کے اختیارات کو ہدف بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔