ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی ایک دن گھر میں نظر بند رہے


سری نگر:مقبوضہ کشمیر کے دو وزرائے اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو پورا دن گھر پر نظر بند رکھا گیا ۔ فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے گھر پر بھارتی پولیس تعینات کردی گئی تھی انہیں گھر سے باہر نہیں نکلنے دیا گیا۔

بھارتی اخبار کے مطابق  پلوامہ حملے کی تیسری برسی کے موقع پرفاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو گھر پر  نظر بند رکھا گیا۔

نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ  کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ  اس غیر قانونی حراست کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے

نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں کے مطابق سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ کو صبح سے ہی پولیس نے گھر میں محصور کر رکھا تھا۔

پی ڈی پی ترجمان نجم ثاقب کے مطابق پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی  کو بھی  گھرکے اندر ہی بند کیا گیا۔ تاہم پولیس یا انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے پر ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ14فروری 2019  کو لتہ پورہ پلوامہ میں ہوئے خودکش حملے میں چالیس سی آر پی ایف اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔