امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی کانگریس اراکین سے ملاقاتیں


واشنگٹن(صباح نیوز)  امریکہ میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے  رکن کانگریس سِلویا آر گارسیا، میکسین واٹرز، جان ردرفورڈ، رینڈی ویبر اور کانگریس مین رابرٹ بی ایڈر ہولٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ، پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ اور  عوامی روابط بڑھانے  کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ، کانگریس کی خاتون رکن   سلِویا آر گارسیا سے ملاقات کے بعد سفیر پاکستان  رضوان سعید شیخ نے اپنے ٹوئیٹر(ایکس)اکائونٹ پر  لکھا کہ رکن کانگریس سلویا آر گارسیا کے ساتھ ملاقات کرکے  اچھا لگا۔ ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریاست ٹیکساس کے ساتھ معاشی  تعلقات کا فروغ خصوصا ً تجارت، سرمایہ کاری، اور عوامی روابط ایک مفید اور پر امید تبادلہ خیال ہوا۔ امریکی  کانگریس کی  فنانشل سروسز کمیٹی کی رینکنگ ممبر میکسین واٹرز سے ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے لکھا کہ رکن کانگریس  میکسین واٹرز  سے مل کر خوشی ہوئی۔ وہ ہمیشہ پاکستان کی عظیم دوست رہی ہیں۔ تجارت اور سرمایہ کاری، فنانشل سروسز ، عوامی روابط   اور دفاع اور سلامتی  کے شعبہ جات میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ رکن کانگریس جان ردرفورڈ کے ساتھ انتہائی خوشگوار اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی راہیں تلاش کی گئیں۔ خوشگوار بات چیت میں تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور زراعت میں باہمی طور پر سود مند نتائج حاصل کرنے کے لئے آنے والی ریپبلکن انتظامیہ کے دوران  روابط  پر توجہ مرکوز کی گئی۔

پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں  رکن  کانگریس کی گہری دلچسپی کو سرا ہتے ہیں۔ رکن کانگریس رینڈی ویبر سے ملاقات کے بعد سفیر پاکستان نے ٹویٹ کیا کہ کانگریس مین رینڈی ویبر پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں اور مضبوط پاک امریکہ تعلقات کے حامی ہیں۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور امریکی ریاست ٹیکساس کے درمیان  مزید بہتر روابط و تعلقات کے لئے اقتصادی تعامل کو فروغ دیا جائے گا۔ سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے  ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ  کانگریس مین رابرٹ بی ایڈر ہولٹ سے مل کر خوشی ہوئی۔ تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، برآمدی صنعتوں، آئی ٹی کے ساتھ ساتھ سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی اور دفاع  کے شعبہ جات  میں پاک امریکہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر پاکستان نے   رکن کانگریس ایڈر ہولٹ کو  پاکستان کے  دورے کی دعوت  بھی  دی ۔