امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی متعدد کانگریس اراکین سے ملاقات

واشنگٹن (صباح نیوز)امریکہ میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے متعدد کانگریس اراکین سے ملاقات کی،کانگریس   مین  رچ میکارمک، جیسمین کراکٹ،  ارل بڈی کارٹر اور نیل ڈن سے ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ،

واشنگٹن میں  پاکستانی  سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کے روز سفیر پاکستان   رضوان سعید شیخ  نے   رکن کانگریس  رچ میکارمک  سے ملاقات کی  ۔ ملاقات میں  پاک  امریکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔  دونوں ملکوں کے  اقتصادی تعلقات کے فروغ  اور سیکیورٹی  تعاون کو بڑھانے  پر بھی بات چیت  ہوئی۔  دوران  گفتگو  علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی  رکن کانگریس جیسمین  کراکٹ سے  بھی  ملاقات ہوئی ۔  ملاقات میں پاک-امریکہ دوطرفہ تعلقات اور عوامی سطح پر روابط  ، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ سفیرپاکستان نے رکن کانگریس کو   ٹیکساس کے کاروباری وفد   کے ہمراہ   2025 میں  پاکستان کے دورے کی دعوت  دی جسے   رکن کانگریس جیسمین کراکٹ نے  قبول کیا۔

سفیر  پاکستان  رضوان سعید شیخ نے   رکن کانگریس ارل بڈی کارٹر سے بھی   ملاقات کی ۔ ملاقات میں  جنوبی ایشیا میں معاشی اور سیاسی استحکام کے حوالے سے    پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  علاوہ ازیں    اقتصادی میدان میں جارجیا کی ریاست کے ساتھ تعلقات   اور تعاون  کو وسعت دینے  کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق   سفیر پاکستان کی رکن کانگریس   نیل ڈن سے بھی   ملاقات  ہوئی ۔ پاک امریکہ تعلقات  کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئندہ کانگریس  کے ساتھ تعلقات اور  ریاست  فلوریڈا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور زراعت کے شعبہ جات میں تعاون کو وسعت دینے   پر بھی بات چیت کی گئی