لاہور (صباح نیوز) چیئرمین آرفن فیملی سپورٹ پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ائیرمارشل(ر)فاروق حبیب کی زیرصدارت مرکزی بورڈ کااجلاس ہیڈ آفس الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوا۔نیشنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) عبدالجبار بٹ،ریجنل ڈائریکٹرزسمیت ٹیم ممبران شریک ہوئے۔
اس موقع پر ریجنل کو آرڈینیٹرزنے گزشتہ سال کے دوران ریجن میں کی گئی ورکنگ پرسالانہ رپورٹس پیش کیں، آرفن بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے نیا تربیہ ماڈل بھی بورڈ میں پیش کیاگیا۔ بورڈ نے سالانہ کارکردگی کاجائزہ لے کر مستقبل کے اہداف طے کئے۔
ائیرمارشل(ر)فاروق حبیب نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن گھروں میں اپنی ماں کے پاس مقیم 30ہزارآرفن باہمت بچوں کی کفالت کررہی ہے تعلیم،صحت اور کھانے سمیت دیگرسہولیات بخوبی فراہم کی جاتی ہیں جبکہ آرفن بچوں کی باہمت ماں کو کاروبارکیلئے بلاسو د قرض فراہم کیاجاتاہے تاکہ وہ اپنی فیملی کی بہتراندازمیں کفالت کے قابل ہوسکیں۔
انھوں نے کہاکہ آرفن بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکرینگ کی جاتی ہے جس میں ہرشعبے کے ماہرڈاکٹرز بچوں کا مکمل چیک اپ کرکے ان کیلئے ادویات ودیگرطبی ضروریات پررہنمائی فراہم کرتے ہیں۔