اسلا م آباد(صباح نیوز)ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے اپنے دورہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ایران و پاکستان کی مشترکہ سرحدوں کو امن و دوستی کی سرحدوں سے تعبیر کیا۔
عمران نے تا جکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے ہونے والی اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی تقویت اور مشترکہ سرحدوں پر تجارت آسان بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔انھوں نے افغانستان کی صورت حال کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ افغانستان کا مسئلہ فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جا سکتا اور عالمی برادری کو چاہئے کہ افغان عوام کو اقتصادی اور انسانی بحران سے باہر نکالنے میں اپنا بھرپور تعاون کرے۔
اس ملاقات میں ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات و تعاون کو فروغ دیئے جانے پر زور دیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایران کے وزیر داخلہ نے اپنے دورہ اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب اور اس ملک کے آرمی چیف سے الگ الگ ملاقات میں مختلف مسائل منجملہ سیکورٹی و سرحدی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔