پشاور(صباح نیوز)وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم نے ابھی تک خود احتسابی نہیں کی جبکہ کرپشن کا خاتمہ خود احتسابی سے ہی ممکن ہے۔ ہمارے معاشرے میں کرپشن کو برا ہی نہیں سمجھاجاتا، جس دن سے برا سمجھنا شروع کر دیں گے اسی دن سے کرپشن ملک سے ختم ہو جائیگی۔ جو باتیں ہم کرپشن کے خاتمے کے لیے کرتے ہیں ،گراونڈ پر ان پر عملدرآمد بھی ضروری ہے۔ پیسے کی بجائے برکت اورسکون مانگنا چاہئیے، جب سکون اور برکت نہ ہوتو پیسہ بیکار ہے،ہمیں تمام تر معاملات زندگی میں اسلامی تعلیمات کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں، اگر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی چاہتے ہیں تو ہمیں دین اسلام کی تعلیمات کو عملی زندگی میں شامل کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نشتر ہال پشاور میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ اور صوبائی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلی نے کہاکہ کرپشن کا خاتمہ اسی صورت ممکن ہے جب معاشرے کا ہر فرد کرپشن کو برائی کے طور پر دیکھنے لگے گا۔ بدقسمتی سے ہم بحیثیت معاشرہ اس اخلاقی معیار تک پہنچے ہی نہیں جہاں ہمیں پہنچنا چاہیے تھا ۔ یہی وجہ ہے کہ مال و دولت اور وسائل رکھتے ہوئے بھی ہم اطمینان قلبی اور سکون کی دولت سے محروم ہیں۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ جب کرپشن کے خاتمے کے ذمہ دار ادارے اپنی ذمہ داری پوری نہ کریں بلکہ کرپشن کے پروموٹر بن جائیں تو کرپشن کا خاتمہ کیسے ممکن ہے
وزیراعلی نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا کہ قومی سطح پر بد عنوانی کی روک تھام کیلئے قائم ادارے بدعنوانی کے خاتمے کی بجائے سیاسی انتقام کیلئے استعمال ہو رہے ہیں ایسی صورتحال میں بدعنوانی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ المیہ یہ ہے کہ ہم فکری طور پر آزاد نہیں ہیں، ہم ذہنی پستی اور غلامی کا شکار ہیں، اگر ہم بحیثیت قوم ترقی کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اس غلامی سے باہر نکلنا ہو گا ۔ ہمیں یہ بات تسلیم کرلینی چاہیئے کہ ہم ٹھیک نہیں ہیں، جس دن ہم خود ٹھیک ہو گئے تو زیادہ تر مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے ۔انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ لوگ غلط ذرائع سے اپنی اولاد کیلئے دولت کمانے کی بجائے ان کی اچھی تربیت کریں اور چھی تعلیم دیں، دولت وہ خود بھی کما سکتے ہیں ، حرام کی کمائی پر پلی بڑھی اولاددکھی والدین کی عزت و احترام نہیں کرتے۔
صوبائی کابینہ اراکین بیرسٹر محمد علی سیف ، بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور دیگر مقررین نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور بدعنوانی کے معاشرے پر منفی اثرات ، بدعنوانی کے تدارک کے لیے اقدامات اور دیگر پہلووں پر تفصیلی گفتگو کی۔ صوبائی وزراارشد ایوب خان، مینا خان آفریدی ، سید قاسم علی شاہ کے علاوہ انسپکٹر جنرل آف پولیس ، صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، سرکاری حکام و اہلکاروں ، میڈیا کے نمائندوں اور طلبہ کی کثیر تعداد نے سیمنار میں شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں کرپشن کے خلاف آگہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔