اسلام آباد (صباح نیوز) سیلاب سے متاثرہ برادر اسلامی ملک ملائیشیا کیلئے پاکستان کی 40ٹن انسانی امداد کی پہلی کھیپ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے کوالالمپور پہنچ گئی۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بھیجی گئی امدادی کھیپ میں خیمے، کمبل، لحاف، سلیپنگ بیگ، چٹائیاں اور لائف جیکٹس شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امدادی سامان کو پاکستانی سفارت خانے اور ملائیشین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے نمائندوں نے وصول کیا۔ حکومت پاکستان ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔ امدادی سامان کی دوسری کھیپ آئندہ ہفتے بھیجی جائے گی۔ ملائشیا میں اس سال مون سون کے دوران شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے، سیلاب سے ملائیشیا کی 9 مشرقی ریاستوں میں 38 اضلاع کو شدید نقصان پہنچا ہے،
سیلابی صورتحال کے باعث ملائیشیا کی مختلف ریاستوں میں 9 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن تعاون یقینی بنانے کا اعادہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ انڈونیشیا میں حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ موسلا دھار بارشوں سے کئی مقامات پر پل بہہ گئے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں ہیں۔