اسلام آباد(صباح نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ مارچ اپریل فارمولے کی کوئی بات نہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،پی ٹی آئی سے پارلیمنٹ کے لیول پر ضرور بات چیت ہونی چاہئے۔ ان خیالات کااظہار وزیردفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ مارچ اپریل فارمولے کی کوئی بات نہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ہوسکتا ہے پیروں فقیروں پر یقین کرنے والے خصوصا جعلی لوگوں میں ایسی کوئی بات چل رہی ہوگی، ویسے تو ایسی کوئی بات نہیں،بانی پی ٹی آئی کارڈز والی گیم بڑی دیر سے کھیل رہے ہیں، 52 کے 52 پتے کھیل چکا ہے،اب کوئی 53، 54 کی تاش کی گٹھی لے کے آئے گا جس کے پتے نکالے گا،
بانی پی ٹی آئی ہر لحاظ سے دیوالیہ ہو چکا ہے، ہر آنے والے دن اس کے ووٹرز، سپورٹرز کے سامنے یہ حقیقت آشکارا ہورہی ہے کہ یہ 2 نمبر آدمی ہے، بانی پی ٹی آئی بالکل ویلے ہیں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سے پارلیمنٹ کے لیول پر ضرور بات چیت ہونی چاہئے، ماضی میں بانی پی ٹی آئی جس طرح کی بولیاں بولتے رہے ہیں کہ میں کسی سے بات نہیں کروں گا،تھوڑا سا محتاط ہوکے ہی مذاکرات کی کوئی بات شروع ہونی چاہئے، یہ دو نمبر لوگ ہیں، کل کہیں گے گوہر نے کہا تھا میں نے تو نہیں کہا تھا۔