کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ سے جامعہ کراچی کے طلبہ کے ایک وفد نے ملاقات کی،وفد کی قیادت جامعہ کراچی طلبہ الائنس کے کامران سلطان غنی نے کی ،
وفد میں اسلامی جمعیت طلبہ ، پی ایس ایف ، پی ایس اے ، آئی ایس او ، اے پی ایم ایس او کے نمائندے شامل تھے ۔طلبہ کے وفد نے جامعہ کراچی میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ و طالبات کو درپیش مسائل و مشکلات بالخصوص دیگر جامعات کے مقابلے میں فیسوں میں بے تحاشہ اضافے ، پوائنٹس کی انتہائی قلت ،
مختلف شعبہ جات کو ختم کرنے اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹوں اور ٹینکروں کی وجہ سے اموات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور درخواست کی کہ جماعت اسلامی ‘ جامعہ کراچی کے 45ہزار طلبہ و طالبات کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ، سیف الدین ایڈوکیٹ نے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ جماعت اسلامی مادرِ علمی جامعہ کراچی کے45ہزار طلبہ و طالبات کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اور سندھ حکومت کو بھی اپنی من مانی نہیں کرنے دے گی ۔
جماعت اسلامی نے ہمیشہ جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات سمیت اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اُٹھائی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جامعہ کراچی کے طلباء کی فیسوں میں فوری طور پر کمی کر کے ان فیسوں کو سندھ یونیورسٹی کی فیسوں کے مساوی کیا جائے ۔ سندھ حکومت جامعہ کراچی اور دیگر جامعات کے درمیان اپنا دہرا معیار ختم کرے ، جامعہ کراچی کی گرانٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے ، پوائنٹس کی تعداد بڑھائی جائے ، یونیورسٹی روڈ پر جامعہ کراچی کے اوقات میں ٹینکروں کا داخلہ بند کیا جائے تاکہ ہزاروں طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی آنے اور جانے کے دوران جس ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس سے نجات مل سکے ۔