اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں اور خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی۔ آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری پر ان کی تعریف کی۔صدرمملکت اور وزیر اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف ان کارروائیوں میں جام شہادت نوش کرنے پر کیپٹن محمد زوہیب الدین اور سپاہی الطاف حسین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مادر وطن کے تحفظ کے لئے شہدا ء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں اس کے مکمل خاتمے تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔جبکہ اتوار کے روز جاری اپنے بیان میں وزیر ِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے آٹھ دہشت گردوں کوہلاک کرنے اور 11 کو زخمی کرکے حراست میں لینے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف۔وزیر اعظم کی آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین کو خراج عقیدت۔وزیر ِ اعظم شہباز شریف کی پاک فوج کے شہدا ء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاک فوج کے افسران و اہلکار اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک کی دشمنوں سے حفاظت میں مصروف عمل ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں پر فخر ہے، پاکستانی قوم اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے پاکستان میں انتشار کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اپنے مستقبل کو اس ملک پر نچھاور کرنے والے جری و بہادر جوان اور ایثار کے جذبے سے سرشار انکے اہل خانہ پوری پاکستانی قوم کا فخر ہیں، دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا خیبر پختونخواہ کے علاقہ بکا خیل اور شگئی میں آپریشنز کے دوران بڑے پیمانے پر خوارج کو جنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین۔جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا آپریشن کے دوران کیپٹن محمد زوہیب اور سپاہی افتخار حسین کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔اسپیکر کا کیپٹن زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین کو خراج عقیدت۔سردار ایاز صادق کاکہنا تھا کہ کپٹن زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔اسپیکر کا شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار۔
سردار ایاز صادق کاکہنا تھا کہ شہداء کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں،سیکیورٹی فورسز کے جری جوانوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،دہشت گردملک و انسانیت کے دشمن ہیں وہ جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، پاکستان کے خلاف ناپاک عزائم رکھنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے،دہشت گردوں کی مذموم کاروائیاں دہشتگردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔اسپیکر کی اللہ تعالی سے شہدا ء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا۔