کراچی ( صباح نیوز)کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای)نے سینئر صحافی مطیع اللہ جان، ثاقب بشیر اور لاہور ہائی کورٹ کے بیٹ رپورٹر شاکر محمودکی گرفتاری اور حبس بیجا میں رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے صحافت کی آزادی کے منافی قرار دیا ہے۔ سی پی این ای نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں کو رات گئے ریاستی اہلکاروں کی جانب سے بغیر کسی مقدمے کے گرفتار کرکے تھانے میں رکھنا اغوا ء کے مترادف ہے جو آئین میں دی گئی صحافت کی آزادی کی ضمانت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جبکہ پولیس نے بعد ازاں مطیع اللہ جان کی گرفتاری کا مضحکہ خیز جواز پیش کر کے دوروزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔موجودہ وفاقی مشیررانا ثناء اللہ کے خلاف بھی ماضی میں اسی نوعیت کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس کا مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں نے مذاق اڑایا مگر اب مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ایک صحافی اس کا نشانہ بن رہا ہے ۔سی پی این ای نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑسے مطیع اللہ جان اور شاکر محمود اعوان کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیاجبکہ ثاقب بشیر کو گرفتاری کے فوری بعدچھوڑ دیاگیاتھا۔
Load/Hide Comments