حزب اللہ نے اسرائیل پر250 راکٹ داغ دیے 7 افرادزخمی


 بیروت (صباح نیوز)حزب اللہ نے اسرائیل پر 250 راکٹ داغ دیے ہیں  ،حزب اللہ کے متعدد راکٹ اسرائیل کے وسط میں تل ابیب میں گرے ہیں ان راکٹ حملوں میں اب تک اسرائیلی حکام کی جانب سے سات افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ادھر حزب اللہ نے لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیل کے چھ ٹینک تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ جنوبی لبنان کے متعدد حصوں میں شدید زمینی لڑائی جاری ہے۔اتوار کو اسرائیل کے ساتھ سرحد سے 10 کلومیٹر کی دوری پر واقع ساحلی گاں البیاضہ میں حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے ٹینک تباہ کیے۔

حزب اللہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ گروپ نے البیاضہ کے مشرقی اطراف میں پانچ اسرائیلی ٹینک تباہ کیے ہیں۔ایک اور بیان میں حزب اللہ نے کہا کہ دیر میماس کے علاقے میں اسرائیل کا مرکاوا ٹینک تباہ کیا ہے۔ اسی علاقے میں حزب اللہ نے اتوار کو اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ فائر کرنے کا دعوی کیا تھا۔حزب اللہ نے مزید کہا کہ مشرقی علاقے الخیام میں اسرائیلی فوجیوں پر چار راکٹ فائر کیے ہیں۔ الخیام میں گزشتہ چند ہفتوں سے شدید لڑائی جاری ہے۔

الخیام علامتی اہمیت کا حامل علاقہ بھی ہے جو 22 سال تک اسرائیل کے زیر قبضہ رہا اور جہاں جنوبی لبنان آرمی کے نام سے اسرائیلی ملیشیا انتہائی بدنام زمانہ جیل چلاتی رہی ۔اسرائیلی قابض فوج نے اعلان کیا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 فوجی زخمی ہوئے، جن میں سے 6 غزہ کی پٹی میں اور 5 جنوبی لبنان میں لڑائیوں میں زخمی ہوئے۔