لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں مزید 59 لبنانی شہید


 بیروت(صباح نیوز) لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری میں 59 لبنانی شہید ہو گئے، جب کہ 128 زخمی ہوئے۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق صہیونی فورسز نے جنوبی بیروت میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا، اسرائیلی فورسز نے رہائشی عمارتوں پر بم برسائے تو ہر طرف بھگدڑ مچ گئی، بمباری سے پولیس اسٹیشن بھی تباہ ہو گیا، اور بیروت کے کئی علاقے کھنڈر بن گئے۔8اکتوبر 2024  کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 3,445 لبنانی شہید اور 14,599 زخمی ہو چکے ہیں۔

ادھر حزب اللہ کی جانب سے بھی شمالی اسرائیل میں راکٹ داغے گئے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیل نے بیروت پر اس وقت پے در پے فضائی حملے کیے جب ایران کے سپریم لیڈر کے ایک سینئر مشیر نے لبنانی دارالحکومت کا دورہ کیا۔ یہ دورہ امریکا کی طرف سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کی تجویز پیش کرنے کے ایک دن بعد ہوا ہے۔ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے سینئر مشیر علی لاریجانی نے بیروت کے دورے کے دوران کہا کہ ایران اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے لیے کسی بھی فیصلے میں لبنان کی حمایت کرے گا۔