ہجیرہ ،گھمیر(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاہے کہ حکومت مسئلہ کشمیراور تحریک آزاد ی کشمیر کے ہیروز کو نصاب تعلیم کا حصہ بنائے،یکساں نصاب تعلیم ہی یکسو قوم کی تعمیر کا ضامن ہے،ہمارے تعلیمی اداروں میں طلبہ وطالبات کو تہذیب کے بارے میں کچھ بتایا اورسکھایا جاتا ہے مگر تمدن بارے کچھ نہیں بتایاجاتا،اقراء ماڈل کالج گھمیر کی تعلیمی خدمات کی تحسین کرتے ہیں،اساتذہ کرام نسل نو کو طاغوت کا انکاری اور رحمان کا فرمانبردار بنے کا سبق دیں،
ان خیالات کااظہارانھوں نے اقراء ماڈل کالج میں سالانہ تقریب میں شریک شرکاء اور دریں اثنا دیگر پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے ،اس موقع پر مختار علی خان پرنسپل کالج ،ڈاکٹر طارق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،تقریب کے اختتام پر امیر جماعت اسلامی نے طلبہ اور طالبات کو شیلڈ پیش کیں،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاکہ ریاستوں کی ترقی اور معاشروں کی اصلاح میں تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے ،جن اقوام نے ترقی کی ہے انھوں نے تعلیم پر توجہ دی ہے اور تعلیم کو اپنی مقامی زبان میں دی ہے،قرآن کے نزول کا آغازہی اقراء سے ہوا ہے۔تعلیم کی چار دیواری میں آنے والے بچوں اور بچیوں کے سیروکردار کی تعمیر اساتذہ کی ذمہ داری ہے،اگر بچوں کو اللہ اور اللہ کے رسول ۖ کا پتہ نہیں دیاجارہاہے تو ایسی تعلیم کا کوئی فائدہ نہیں ہے،اما نت دیانت اور صلہ رحمی کا درس نہیں ہے تو معاشرہ کیسے ترقی کرے گا،انسانیت کے احترام بارے درس نہیں ہے تو تعلیم مکمل نہیں ہے،تحقیق کا منبیٰ قرآن ہے،قرآن کو سمجھ کر پڑھیں،اس پر عمل کریں اس کاابلاغ کریں۔